29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومکھیل کی خبریںپاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے...

پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر کوالیفائر 1 میں جگہ بنا لی

- Advertisement -

راولپنڈی۔19مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر کوالیفائر 1 میں جگہ بنا لی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ ایلیکس ہیلز نے 88 اور صاحبزادہ فرحان نے 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 18.2 اوورز میں 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ڈیوڈ وارنر 43 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ شاداب خان نے 4 اور سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایلیکس ہیلز کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایلیکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

- Advertisement -

دونوں بیٹرز نے برق رفتار بیٹنگ کی اور 153 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ ایلیکس ہیلز نے 35 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ صاحبزادہ فرحان نے بھی دلکش بیٹنگ کی اور 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ آخر میں کپتان شاداب خان نے 19 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔

حیدر علی 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی طرف سے میر حمزہ ، خوشدل شاہ اور عامر جمال نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ کراچی کنگز کی ٹیم بڑے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈیوڈ وارنر 43 ، عباس آفریدی 34 اور ٹم سیفرٹ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جیمز ونس 8 ، سعد بیگ 5، عرفان خان 14 ، خوشدل شاہ ایک، محمد نبی 5 ، عامر جمال 16 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 4 ، سلمان ارشاد نے 3 اور عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599102

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں