32.1 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت کی مزار قائد پر حاضری، پھولوں...

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت کی مزار قائد پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

- Advertisement -

کراچی ۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کچھی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت اور قیادت آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، وزارت قومی ورثہ و ثقافت ملک کے تاریخی مقامات اور قومی یادگاروں کے تحفظ و فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مزار قائد پر حاضری اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور قومی اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان، وفاقی سیکریٹری اسد الرحمن گیلانی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد بھی موجود تھیں۔مزار قائد پر آمد کے موقع پر وفاقی وزیر کو چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعدازاں وفد نے مزار قائد کے احاطے میں واقع قائداعظم لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہیں لائبریری میں موجود تاریخی کتب، تصاویر اور نوادرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت اور قیادت آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کا مزار ہماری قومی شناخت کی علامت ہے اور یہاں آنا ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر و عزت ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ملک کے تاریخی مقامات اور قومی یادگاروں کے تحفظ و فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے مزار کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر کے اس دورے کا مقصد نہ صرف بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا بلکہ نوجوان نسل میں قومی ورثے سے متعلق آگاہی اور دلچسپی کو فروغ دینا بھی تھا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599224

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں