کراچی۔ 20 مئی (اے پی پی):ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین فوجی عہدے پر ترقی پانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بہادر آباد میں پارٹی کے مرکزی دفتر سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف بھارت کو عسکری میدان میں منہ توڑ جواب دیا بلکہ اعصابی جنگ میں بھی شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں مدد ملی۔اُنہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی فہم و فراست، جرات اور قیادت نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ جنرل سید عاصم منیر کی غیر معمولی خدمات، وفاداری اور ملک و قوم کے لیے انتھک جدوجہد کا اعتراف ہے، جو نہ صرف مسلح افواج بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل سیدعاصم منیر کی قیادت میں پاکستان مزید ترقی کرے گا اور دشمنوں کے ناپاک عزائم ہمیشہ ناکام ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599406