لاہور۔20مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جنا ح ہسپتال لاہور میں ڈائیلسز سنٹر کے سٹاف میں ماہانہ بونس دینے کی تقریب میں شرکت کی۔سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجازنے بطور مہمان خصوصی جبکہ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، ایم ایس جناح ہسپتال سمیت ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف کی بڑی تعدادنے تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے سنٹر کے مختلف حصے دیکھے اس موقع پر گوہر اعجاز نے آئی جی پنجاب کو ڈائیلسز سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ڈائیلسز سنٹر کے ڈاکٹرز اور عملے سے ملاقات کی اور گراں قدر خدمات کو سراہا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے سنٹر میں زیر علاج مریضوں سے گفتگو، خیریت دریافت اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنی فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین کے مفت علاج معالجے کیلئے پی کے ایل آئی سمیت مختلف ہسپتالوں سے ایم او یوز کئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے ڈائیلسز سنٹر کے سٹاف میں ماہانہ بونس کے چیک بھی تقسیم کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599496