27.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومتازہ تریننائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ...

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی بات چیت

- Advertisement -

بیجنگ۔21مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ میں سی پی سی کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات روایتی گرمجوشی اور ہم آہنگی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین دوستی کی عکاس ہے، دونوں رہنمائو ں نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئو ں اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنے دفاع کے حق کے تحفظ کے لئے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ چین کے لئے اس کے بنیادی مسائل پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جو قیادت کے تصور اور دونوں برادر ممالک کے عوام کی خواہش پر مبنی ہے ۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کو خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لئے ناگزیر قرار دیا۔

- Advertisement -

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا بیجنگ میں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کو ایک آہنی دوست اور ہمہ موسمی اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو تعاون اور اشتراک کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کی چین کی خواہش کا اظہار کیا۔ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاکستان کے پرعزم موقف کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ چین علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ وانگ یی نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آہنی بھائی کی حیثیت سے چین ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور ترقی کے راستے کی حمایت کرے گا۔ فریقین نے پاک چین تعلقات کی مختلف جہتوں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت، صنعت کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا۔

دونوں اطراف نے علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لئے سی پیک کی اہمیت کا ذکر کیا اور سی پیک فیز II کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کامیابی کے تعاون کے لئے خاص طور پر سی پیک منصوبوں میں تیسرے فریق کی شرکت کے نئے راستے کے ذریعے ابھرتے ہوئے مواقع پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنمائو ں نے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے اپنے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے کثیرالجہتی فورمز سمیت تمام سطحوں پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599540

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں