30.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںسعودی کابینہ کا اجلاس،شاہ سلمان کا امریکی صدر کے دورے کے نتائج...

سعودی کابینہ کا اجلاس،شاہ سلمان کا امریکی صدر کے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار

- Advertisement -

ریاض۔21مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے نتائج کو سراہتے ہوئے انہیں دوطرفہ تعلقات بالخصوص سٹریٹجک اور معاشی شعبوں میں تاریخی پیش رفت قرار دیا۔سعودی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیر صدارت ہوا۔اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کی دعوت قبول کرنے پران کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و دوستانہ تعلقات میں اضافے کے لئے مفید قرار دیا۔

قائم مقام وزیر اطلاعات و وزیرمملکت اوررکن کابینہ برائے امورشوریٰ کونسل ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے خلیجی امریکی کانفرنس میں ولی عہد کی تقریر کی تعریف کی جو انتہائی جامع تھی جس میں مشترکہ تعاون کو تیز کرنے، برادر اور دوست ممالک کے ساتھ کثیر الجہتی کاموں اور ترقی کے حوالے سے مملکت کے موقف پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے میں فروغِ امن اور تنازعات کے خاتمے کے لئےبین الاقوامی تعاون پر زور دیا گیا۔ کابینہ نے جمہوریہ شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے ولی عہد کی کوششوں پر امریکی صدر کے مثبت رد عمل کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پابندیوں کے خاتمے سے برادر ملک کی تعمیرِ نو اورترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

- Advertisement -

اجلاس نے عرب لیگ کے 34 ویں اجلاس میں مملکت کی جانب سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے کسی بھی امکان کو مسترد کئے جانے کے اقدام کی تعریف کی۔ کابینہ نے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے قیام کو دس برس مکمل ہونے پر ملنے والی کامیابیوں کو سراہا جس کے ذریعے 100 سےزیادہ ممالک میں لاکھوں ضرورت مندوں کی مدد کی گئی۔ کابینہ نے مملکت میں آٹو انڈسٹری کے حوالے سے 3 عالمی کمپنیوں کی رضامندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے مملکت کے اقتصادی و صنعتی مستقبل کے لیے بہترین اقدام قرار دیا۔

کابینہ نے آئی ایس ای ایف 2025 ایوارڈ حاصل کرنے والے ہونہار سعودی طلبہ کو ان کی شاندار کامیابی مبارک باد دی اور اسے مملکت کی جانب سے تعلیمی شعبے میں کی جانے والی خصوصی توجہ کا مظہر قرار دیا۔اجلاس میں مقررہ ایجنڈے پر بحث کی گئی۔ علاوہ ازیں مملکت کے ساتھ مختلف ممالک کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599560

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں