اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مورو، نوشہرو فیروز میں سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار کی رہائش گاہ پر ہونے والی پرتشدد توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی شدید مذمت کی ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ بار ایسوسی ایشن کی 27 ویں کابینہ اور صدر سپریم کورٹ بار میاں محمد رئوف عطا ءنے مذکورہ واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہاہے کہ ضیاء الحسن لنجار نہ صرف سپریم کورٹ آف پاکستان کے تجربہ کار وکیل ہیں بلکہ سندھ بار کونسل کے موجودہ رکن اور اس بار ایسوسی ایشن کے دیرینہ رکن بھی ہیں
اس لئے بار ایسوسی ایشن اس واقعہ کو شدید تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ احتجاج کی آڑ میں معاشرے کے قابل احترام افراد کے گھروں پر توڑ پھوڑ اور حملوں کی ایسی کارروائیوں کو کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ واقعہ قانون کی صریح بے توقیری اور لاقانونیت کا مظہر ہے ، ان مجرموں نے ریاستی ریاست کی رٹ کو کھلم کھلا چیلنج کیا ہے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے،ہم فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، اس پرتشدد واقعہ میں ملوث تمام افراد کو بلاتاخیر گرفتار کیا جانا چاہئے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر قابل اطلاق قوانین کے تحت مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599817