مظفر آباد۔ 21 مئی (اے پی پی):سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان، وزرا حکومت و ممبران اسمبلی کی جانب سے مختلف قراردادیں پیش کی گئیں۔ایوان میں وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری انوار الحق، موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور،وزیر قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبدالوحید، وزیر خوراک محمد اکبر ابراہیم، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی فیصل ممتاز راٹھور،وزیر برائے وائلڈ لائف و فشریر سردار محمد جاوید ایوب،وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان، وزیر مواصلات اظہر صادق، وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، وزیر امور منگلا و منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید اوروزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں
کہ اس کے خصوصی فضل و کرم سے پاکستان کو آپریشن بنیان مرصو ص میں کامیابی نصیب ہوئی۔یہ ایوان پاکستان کی بہادر بری، بحری اور فضائی افواج کو ہندوستان کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے، اس کی طاقت کا زعم توڑنے اور اس کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ افواج پاکستان کی یہ کامیابی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔یہ ایوان چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے قائدانہ کردار، دوٹوک موقف اور تنازعہ جموں و کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان صدر امریکہ ڈونلڈ جے ٹرمپ کی طرف سے تنازعہ جموں و کشمیر کے حل پر زور دینے کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ اس خطہ میں دیر پا امن اور ترقی کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ضروری ہے۔یہ ایوان حکومت پاکستان کی طرف سے
ہندوستان کی جارحیت پر قومی امنگوں کے مطابق جواب دینے اور سفارتی سطح پر ہندوستان کو بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے افواج پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کے اظہار پر پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان ہندوستان کی طرف سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مساجد اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے اور اس اقدام کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سمجھتاہے۔ ہندوستان کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کے معطل کرنے کے فیصلہ کی مذمت کرتا ہے اور اس کو جنگی اقدام سمجھتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان ہندوستان کی جارحیت کے باعث شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہے،ان کی جائیدادوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور آزاد کشمیر کے تمام متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ ایوان ان کے ساتھ ہے۔
یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے۔ اس خطہ میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان ہندوستان کے خلاف جنگ کے دوران شہداء اور زخمیوں کے ساتھ ساتھ املاک کے نقصان پر بھرپور امداد کرنے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہے۔یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو منصب پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتاہے۔ایوان میں یہ قرارداد وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے پیش کی۔سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کو کامیابی سے ناکام بنانے پر حکومت پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔
اس سلسلہ میں وزارت خارجہ حکومت پاکستان کی کامیاب حکمت عملی پر انہیں بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، بری افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر الدین بابر، پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل نوید اشرف کو کامیاب مربوط باہمی حکمت عملی سے اپنے سے بڑے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بطور خاص شکر یہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے پاکستان کا مقدمہ انتہائی مہارت کے ساتھ اقوام عالم میں پیش کیا۔ یہ اجلاس چین اور برادر اسلامی ملک ترکیہ اور آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت پر کشمیری عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خادم حرمین شریفین اور خلیجی ممالک کا اس نازک مرحلے پر پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کرنے پر بطور خاص شکر یہ ادا کرتا ہے۔
قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس پاکستان کی 25 کروڑ عوام کو یقین دلاتا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی سا لمیت کیلئے سیز فار لائن کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری عوام پاکستان کی حمایت میں صف اول ہونگے۔ یہ اجلاس پاکستان اور ہندوستان سے توقع رکھتا ہے کہ کثیر المقاصد مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو بنیادی اہمیت دینگے، اس خطہ میں قیام امن تب ہی ممکن ہو سکے گا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل ہو۔ یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض افواج کی جانب سے لوگوں کو پکڑ دھکڑ اور اُن کی جائیدادوں کو تباہ کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہاگیاکہ بھارت تعلیم، روزگار اور تجارتی غرض سے امریکہ، برطانیہ و دیگر ممالک میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہریوں کو مودی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کی پاداش میں مسلمہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی طور پر ان کی شہریت کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں سفری دستاویزات سے محروم کر رہا ہے
یہ اجلاس بھارت کے ایسے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین کی جانب سے پیش کردہ قراردادمیں کہاگیاکہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس بھارتی حملوں کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پوری قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت پر جو کاری وار لگائے ہیں، اس کے زخم وہ صدیوں تک چاٹتا رہے گا۔افواج پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔یہ ایوان بھارت کی جانب سے بلا تحقیق پاکستان پر الزامات اور منفی پروپیگنڈہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بین الاقوامی قوانین روندنے کے مترادف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جا نب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو خوش آیند قرار دیتا ہے۔
چوہدری محمد یاسین کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہاگیاکہ آج کا یہ اجلاس آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔صدرپاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ یہ معزز ایوان وزیر اعظم پاکستان محمدشہباز شریف اور ان کی کابینہ کے اس فیصلہ پر ان کو بھرپور خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتاہے۔ ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس 6 اور07 مئی کو بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں چھپ کر کی جانے والی بلا اشتعال جارحیت کو سخت ترین الفاظ میں مسترد اور اس کی مذمت کرتا ہے۔
بھارت کی مسلسل جنگی جنون پر مبنی پالیسی، نہتے شہریوں اور سرحدی علاقوں کو نشانہ بنانا، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ یہ ایوان بھارتی افواج کی 6 مئی کو کی گئی اشتعال انگیزی، سرحدی خلاف ورزی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ عمل بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر، اور دوطرفہ معاہدات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔یہ ایوان پاکستان کی مسلج افواج کے فوری، مؤثر اور ذمہ دارانہ دفاعی ردعمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری کو دکھایا ہے کہ وہ نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔یہ ایوان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے مظالم، غیر انسانی محاصروں اور سیاسی قید و بند کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ قرارداد اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔یہ ایوان عالمی اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ، او آئی سی، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے موئثر اقدامات کیے جائیں۔مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔جنوبی ایشیاء میں قیامِ امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ ہٹ دھرمی اور فوجی قوت کے استعمال سے باز رہے۔یہ ایوان پاکستانی عوام، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، میڈیا، اور نوجوانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ متحد ہو کر ملک کے دفاع اور کشمیری عوام کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔یہ ایوان مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں، بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتا ہے
جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی اور دشمن کو بھرپور جواب دیا۔اللہ تعالیٰ پاکستان، کشمیر اور پوری امتِ مسلمہ کو امن، آزادی اور انصاف عطا فرمائے۔معاون خصوصی برائے قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق نبیلہ ایوب خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آج کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی باوقار اور تاریخ ساز کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ سپہ سالار فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگریز قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو ایسا دندان شکن جواب دیا کہ اس کی جارحانہ پیش قدمی شرمندگی کی تصویر بن کر رہ گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599887