32.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹر دوست محمد خان، انجم عقیل...

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹر دوست محمد خان، انجم عقیل اور سیکرٹری ریلوے ، وکلا ،طلبا قبائلی عمائدین دیگر وفود کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹر دوست محمد خان، انجم عقیل اور سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ ، وکلا ،طلبا قبائلی عمائدین دیگر وفود نے ملاقات کی اور سیاسی، معاشی اور عوامی فلاح و بہبود، تعلیم صحت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سینٹ سیکرٹیریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت مسلسل ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے فروغ جیسے شعبہ جات میں بہتری لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ عوام الناس کی زندگیوں میں مثبت اور پائیدار تبدیلی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ادارے مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور سیکیورٹی ادارے باہمی تعاون سے بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز کے باوجود سلامتی کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سیکرٹری ریلوے سید مظہر سے ملک میں ریلوے کے نظام کی بہتری، جدیدیت اور موجودہ نئے منصوبہ جات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

- Advertisement -

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ریلوے کے متعدد جامع منصوبے مرتب کر چکی ہے جن پر عمل درآمد سے نہ صرف ریلوے نظام میں جدید تقاضوں کے مطابق بہتری آئے گی بلکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے جیسے اہم قومی ادارے کی بحالی اور ترقی ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور اس کے نظام میں شفافیت، بہتری اور تکنیکی جدت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے پس ماندہ صوبے کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ریلوے کے توسیعی منصوبوں میں بلوچستان کو خاص ترجیح دی گئی ہے تاکہ وہاں کے عوام کو بھی معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں اور صوبے میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریلوے لائنز کی بہتری اور نئے روٹس کی تعمیر سے نہ صرف علاقائی رابطہ مضبوط ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جو ملکی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے سی پیک کے منصوبہ جات ناصرف صوبہ بلوچستان بلکہ پاکستان اور پورے خطے کی تقدیر تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600085

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں