32.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںوزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی...

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات،باہمی تعلقات کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی جس دوران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کے نئے امکانات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق علی پرویز ملک نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے بھائی چارے کے رشتے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے ساتھ یکجہتی کو بہت اہمیت دیتے ہیں، آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ، پاکستان مشکل حالات میں برادر ممالک کی حمایت پر شکرگزار ہے۔ انہوں نے تیل اور گیس کی تلاش، توانائی کی تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ وزیرِ پٹرولیم نے کہا کہ وہ آئندہ باکو انرجی ویک میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جہاں پائیدار توانائی کے فروغ کے لئے عالمی رہنماؤں سے شراکت داری پر بات چیت کی جائے گی۔

- Advertisement -

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سوکار اپ سٹریم پاکستانی حکام کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں ممکنہ تعاون پر بات چیت کر رہی ہے جو دونوں ممالک کے لئے نئے مواقع کی راہیں ہموار کریں گا۔فرہادوف نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئےگہرے عزم کا اعادہ کیا اور توانائی کے رابطے اور ترقی کے مشترکہ وژن پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تاریخی بھائی چارے کو اقتصادی تعاون خاص طور پر توانائی کے شعبے میں شراکت داری کے ذریعے مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مستقبل کے تعاون بارے مثبت امید کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا اور خطے میں توانائی کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600112

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں