لاہور۔22مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رواں سال مختلف کارروائیوں میں 481مقدمات درج کروا کے 40ہزار 409 کو 53کروڑ 52لاکھ 86ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاویدنے کہا کہ قوانین کے خلاف خوراک کا کاروبار کرنے والے 1ہزار 150 سے زائد یونٹس بند کئے گئے۔
11کروڑ 95لاکھ 98ہزار لٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کے دوران 3لاکھ 86ہزار 105 لٹر دودھ تلف کیا گیا،دودھ کے معیار میں واضح بہتری،گزشتہ سال کی نسبت 313 فیصد کم دودھ تلف ہوا،اب تک 76لاکھ 63ہزار386 کلو گوشت کی چیکنگ کے دوران 3لاکھ 17ہزار 690 کلو مضر صحت گوشت تلف کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہاکہ 61ہزار 988 لٹرناقص استعمال شدہ آئل، 12ہزار 297 کلو ناقص دالیں، 17ہزار 260 کلوغیر معیاری کھلے مصالحہ جات بھی تلف کئے گئے،جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف میراتھن کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو بہترین خوراک مہیا کرنا اولین فریضہ ہے،تمام مذبح خانوں کو بین الاقوامی طرز پر بنانے،جانوروں کی پری مارٹم پوسٹ مارٹم کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے،ذبح کے بعد جانور کا معائنہ لازم،حفظان صحت اور ماحولیاتی اصولوں کے مطابق قانون بنایا جائے گا۔میٹ ہینڈلرز کی ٹریننگ اور گوشت کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600160