31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںغزہ پر اسرائیلی جنگ کا تسلسل انسانیت کے ماتھے پر بد نماداغِ...

غزہ پر اسرائیلی جنگ کا تسلسل انسانیت کے ماتھے پر بد نماداغِ ہے ،عرب لیگ

- Advertisement -

قاہرہ۔23مئی (اے پی پی):عرب لیگ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تنظیم فلسطینی عوام کی تمام شعبوں اور بین الاقوامی محاذوں پر مکمل اور بھر پور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ العربیہ کے مطابق یہ بات عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نےالعربیہ / الحدث سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر دباؤ ڈالا جائے گا تاکہ غزہ جنگ روکی جائے، امداد داخل کی جائے اور فلسطینیوں پر عائد محاصرہ ختم کیا جائے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محصور غزہ پر اسرائیلی جنگ کا تسلسل انسانیت کے ماتھے پر ایک بد نماداغِ ہے اور جو کچھ فلسطینی عوام کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ ایک ہولناک انسانی المیہ ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انھوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ عرب لیگ بین الاقوامی برادری کو مداخلت کرنے، جنگ روکنے، محاصرہ ختم کرنے اور فلسطینی عوام کے حقوق کا احترام کرنے کی دعوت دینے میں کبھی دیر نہیں کرے گی تاکہ فلسطینی ریاست کو 1967 کی سرحدوں کے اندر قائم کیا جا سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ عرب قوم کے پاس اتنی قوتِ ارادی موجود ہے کہ وہ تمام بحرانوں کو عبور کر کے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کر سکتی ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔ قبل ازیں اقوام متحدہ میں عرب لیگ کے نمائندہ ماجد عبدالفتاح نے کہا تھا کہ اکتوبر 2023 کے بعد سے عرب کوششیں جنگ روکنے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کے لیے مسلسل جاری ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یورپی یونین کے ساتھ مل کر ایسی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس سے سلامتی کونسل سے ایسا ردعمل حاصل کیا جا سکے جو اسرائیل کو راستے کھولنے، امدادی سامان داخل کرنے، تمام فوجی کارروائیاں روکنے اور انسانی بحران کے اثرات کم کرنے پر مجبور کرے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد ممالک نے اسرائیل کے خلاف اقدامات کرنا شروع کر دیئے ہیں، جن میں برطانیہ کا اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے کو معطل کرنا اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد کرنے والے آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنا شامل ہے۔ انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ یورپی یونین میں اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے کچھ پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

عرب لیگ کے مندوب نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں 57 ممالک پر مشتمل ایک اتحاد اور گروپ تشکیل دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ اسرائیل کو اسلحہ کی برآمدات بند کرنے کا مطالبہ کیا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600505

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں