ریاض ۔24مئی (اے پی پی):سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنا ایک سٹرٹیجک ضرورت ہے جو مشرق وسطی میں امن کا آغاز کرے گی۔اردو نیوز کے مطابق یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سعودی عرب اور فرانس آئندہ ماہ ایک بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ صدارت کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جس کا مقصد دوریاستی حل پر عملدرآمد کو تیز کرنا،اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان دہائیوں سے جاری تنازع کو ختم کرنا ہے۔
کانفرنس کی تیاری کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں سعودی وفد کی سربراہ منال رضوان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل نہ صرف اخلاقی اور قانونی ضرورت ہے بلکہ یہ بقائے باہمی پرمبنی ایک نئے علاقائی نظام کی بنیاد بھی ہے۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم مستقل ،ٹھوس اور ناقابل واپسی بنیادوں پر ایسی تبدیلی کے خواہاں ہیں جو فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے فیصلہ کن ہو۔سعودی وفد کی سربراہ نے فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے کیے جانے والے اصلاحی کاموں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف جنگ ختم کرنے کیبات نہیں کرنی بلکہ گزشتہ 8 دہائیوں سے جاری تنازعے کے خاتمے کےلیے بھی بات کرنی چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600909