28.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 25, 2025
ہومتازہ ترینڈی پورٹ ہونے والوں کے خلاف ایف آئی آر کااندراج اورپاسپورٹ منسوخ...

ڈی پورٹ ہونے والوں کے خلاف ایف آئی آر کااندراج اورپاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):حکومت پاکستان نے بیرون ممالک سے ڈی پورٹ کئے جانے والے شہریوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام ڈی پورٹیز کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ان کے پاسپورٹ منسوخ کر دیئے جائیں گے اور ان کے نام پانچ سال کی مدت کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) میں رکھے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک بدر کئے گئے افراد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور حکومت اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستان کا تشخص خراب کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان اقدامات پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سیکریٹری داخلہ خرم آغا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو موجودہ پاسپورٹ قوانین اور ضوابط کا جائزہ لے گی اور ان کو مزید بہتر بنائے گی۔

- Advertisement -

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ اور ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے بھی شرکت کی۔یہ اقدام پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے جو غیر قانونی ہجرت اور ملک بدری کے معاملات کے بین الاقوامی مضمرات پر بڑھتی ہوئی تشویش کو دور کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600994

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں