ڈیرہ غازی خان ۔ 25 مئی (اے پی پی):حالیہ پاکستان بھارت جنگ کے دوران مادرِ وطن پر جان قربان کرنے والے سپاہی خالد اقبال شہید کے والد محمد اقبال گوپانگ نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور وہ دیگر بیٹے بھی وطن کی خاطر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان ہماری دھرتی ہے، اس کے تحفظ کے لیے جان دینا اعزاز کی بات ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں محمد اقبال گوپانگ نے بتایا کہ جب انہیں اطلاع ملی کہ ان کا بیٹا جنگ کے دوران شہید ہو گیا ہے، تو انہیں فخر ہوا کہ ان کا فرزند ملک کی خاطر قربان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے میرے بیٹے خالد اقبال کو شہادت جیسے عظیم رتبے پر فائز کیا ہے۔محمد اقبال گوپانگ نے کہا کہ شہیدخالد اقبال بچپن سے ہی پاک فوج میں شمولیت کا خواب دیکھتا تھا اور اسی جذبے کے تحت اُس نے انٹرمیڈیٹ کے بعد پاک فوج جوائن کی۔ خالد اقبال 2005 میں ضلع راجن پور کی تحصیل فاضل پور کے علاقے کوٹلہ اندرون میں پیدا ہوا۔
وہ اپنے 6 بھائیوں سے بڑا اور 3 بہنوں چھوٹا بیٹا تھا۔ والدین کو جب شہادت کی خبر ملی، تو اُن کی آنکھوں میں آنسو ضرور تھے مگر دل فخر سے سرشار تھا۔ شہید کی والدہ، شریفاں بی بی، نے بھی بیٹے کی شہادت کو ایک عظیم قربانی قرار دیا۔خالد اقبال شہید کی شادی 2021 میں ہوئی تھی اور اس کی دو سالہ بیٹی، مسکان بی بی، اپنے والد کو بہت یاد کرتی ہے۔ خاندان کے افراد اسے یہ کہہ کر دلاسا دیتے ہیں کہ اس کا والد ایک عظیم مقصد کے لیے گیا ہے۔
محمد اقبال گوپانگ نے مزید بتایا کہ ان کا دوسرا بیٹا بھی پاک فوج میں شامل ہونے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بڑھاپے میں اولاد والدین کا سہارا ہوتی ہے، مگر مشن عظیم ہو تو یہ سہارے قربان کرنے میں بھی تردد نہیں ہونا چاہیے۔شہید خالد اقبال کی نماز جنازہ میں علاقے بھر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔ تعزیت کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، جب کہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری،صوبائیوزیرسردار شیر علی گورچانی سمیت متعدد معززین نے ان کے گھر آ کر تعزیت کی۔محمد اقبال گوپانگ نے آخر میں کہا، "میں اُن تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو ہمارے دکھ میں شریک ہوئے۔ میرے بیٹے نے جو قربانی دی ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601089