ایبٹ آباد۔ 27 مئی (اے پی پی):ہزارہ ڈویژن میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔منگل کے روز ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد موسلا دھار بارش،تیز ہواؤں اور طوفان کا سلسلہ شروع ہوا ،جس کے بعد کئی دنوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش سے قبل شروع ہونے والا طوفان کا سلسلہ کچھ دیر بعد ختم ہو گیا،بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں اور ابر آلود موسم نے ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور،بٹگرام اور گردونواح کے علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور گرمی اور حبس کے بعد موسم کی تبدیلی کا بھرپور استقبال کیا،بارش نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنایا بلکہ شدید گرمی سے نڈھال شہریوں کے چہروں پر خوشی بھی لوٹا دی۔اطلاعات کے مطابق کوہستان کے تین مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے بند ہو چکی ہے اور ایک مقام پر قربانی کے تین جانور بھی بہہ گئے ہیں۔ڈویژنل انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601929