وزیر اعلیٰ پنجاب کا احسن اقدام، پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن پر عائد فیس کا خاتمہ کردیا گیا

113

فیصل آباد۔ 27 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن اورکمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ کے اجراء پر عائد فیس کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ضلع میں حکمنامہ کے عملی نفاذ کی ہدایت کردی۔ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسلز دفاتر کی کڑی مانیٹرنگ کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیس وصول کرنے والے سیکرٹریز کیخلاف اب کارروائی ہوگی۔

انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کو عادی غیر حاضر یونین کونسل سیکرٹریز کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ضلعی و تحصیل افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ یونین کونسل سیکرٹریز اپنا قبلہ درست کرکے شہریوں کو ریلیف فراہمی میں معاون بنیں۔ پیدائش و وفات سرٹیفکیٹس کا اندراج و اجراء اب بالکل مفت کردیا گیا ہے۔

شہری بچوں کی پیدائش کا اندراج سات سال تک مفت کروا سکیں گے اورزائد فیس وصول کرنے والے ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔