اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس منگل کو چیئرپرسن صاحبزادہ محمد حامد رضا کی زیر صدارت پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے غزہ کے معصوم متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ۔اجلاس میں حکومت پاکستان کو سفارش کی گئی کہ فلسطین میں مزید نقصانات کو روکنے کے لیے حکومت پاکستان اس معاملے کو تمام پلیٹ فارمز بالخصوص او آئی سی اور یو این او میں مزید موثر انداز میں اٹھائے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی نے انسانی اسمگلنگ کے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جن میں سینکڑوں پاکستانی وقتاً فوقتاً ٹرانزٹ ممالک کے ذریعے غیر قانونی طور پر سفر کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے وزارت انسانی حقوق ،وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کے ساتھ رابطہ کرے ۔کمیٹی نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری حکام مختلف ممالک میں غیر قانونی طور پر زیر حراست پاکستانی مغویوں کی بڑی تعداد کو بازیاب کرانے کے لیے سخت اقدامات کریں اور کمیٹی کو رپورٹ دیں۔اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی دانیال چوہدری، زیب جعفر، سحر کامران، سبین غوری، علی محمد خان، چنگیز احمد خان، شیر افضل خان، صبا صادق ، شاہدہ رحمانی نے شرکت کی جبکہ ، ڈاکٹر نیلسن عظیم اور ناز بلوچ بذریعہ وڈیو لنک موجود تھے۔
اجلاس میں انسانی حقوق، قانون و انصاف، داخلہ کی وزارتوں اور ایف آئی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602162