اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن 29مئی (جمعرات ) کو منایا گیا۔اس دن کو منانے کا مقصد امن مشنز میں شامل ممالک کی امن کوششوں کو خراج تحسین پیش کرناہے۔ یہ دن 1948 سے اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے خدمات سر انجام دیتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کا پہلا امن مشن 29 مئی 1948 کو قائم کیا گیا تھاجب سلامتی کونسل نے فوجی مبصرین کی ایک مختصر تعداد کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کی اجازت دی تاکہ اسرائیل اور اس کے پڑوسی (عرب) ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کے لیے جنگ بندی کی نگرانی کا عالمی ادارہ ( یواین ٹی ایس او) تشکیل دیا جا سکے۔
اقوام متحدہ میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے، 1960 کے بعد سے پاکستان کے 2 لاکھ سے زیادہ مرد اور خواتین دنیا کے تقریبا تمام براعظموں میں 46 یواین مشنز میں بہادری کے ساتھ خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اقوام متحدہ دنیا کے کئی تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے اہم کردار کی قدر کرتا ہے۔ یواین امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے زیراہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور امن فوج میں خدمات سرانجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602613