آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے ماحولیاتی تحفظ کا عہد کیا جائے ،طاہرہ اورنگ زیب

راولپنڈی۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر کمشنر آفس راولپنڈی میں“نو پلاسٹک۔ نو پولوشن”واک اور خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ واک میں مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے علاوہ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ سول سوسائٹی نمائندگان نے شرکت کی۔ممبر قومی اسمبلی …

راولپنڈی۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر کمشنر آفس راولپنڈی میں“نو پلاسٹک۔ نو پولوشن”واک اور خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ واک میں مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے علاوہ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ سول سوسائٹی نمائندگان نے شرکت کی۔ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی صرف حکومتی مسئلہ نہیں، بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

واک کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے کہ ماحول کو بہتر بنانا ہر شخص کی انفرادی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف اور محفوظ رکھنے کے لیے خود بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک کا بے دریغ استعمال زمین، پانی اور ہوا کو زہریلا بنا رہا ہے، ہمیں پلاسٹک کا متبادل تلاش کر کے اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینا ہے۔کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں، یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے۔

اس میں ہمیں سرکاری سطح پر بھی اور انفرادی طور پر بھی اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔انہوں نے انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو ٹاسک دیا کہ آج کے دن سے ہی عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے راولپنڈی کے تین اہم مقامات میں صفائی، پلاسٹک ویسٹ کی صورتحال اور ماحولیات کا جائزہ لیا جائے اور ان مین پوائنٹس کو آج ہی پلاسٹک فری کریں۔

تقریب کے اختتام پر یہ عہد کیا گیا کہ پلاسٹک آلودگی کے خلاف مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔شرکاء نے یہ پیغام دیا کہ اگر ہم سب مل کر چھوٹے چھوٹے اقدامات کریں، جیسے کہ پلاسٹک کا کم استعمال، شجرکاری، اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا، تو ہم اپنے شہر کو پلاسٹک اور آلودگی سے پاک شہر بناسکتے ہیں۔