عید الاضحیٰ اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس دیتی ہے، پاکستا ن کی ترقی کےلئے یکجہتی، قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنانا ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا عید الاضحیٰ پر پیغام

79
پاکستان اب ٹیک آف کی پوزیشن میں آ گیا ہے، تمام اقتصادی اشاریے باعث اطمینان ہیں، روایتی جنگ میں بھارت کو ہرانے کے بعد معاشی میدان میں بھی اب اس سے آگے نکلنا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعید الاضحیٰ اور عظیم الشان اسلامی عبادت حج کے بابرکت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کا یہی جذبہ انسان کو صبر، حوصلے، ایثار اور قربانی جیسے اوصاف سے مزین کرتا ہےجو کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں،ہمیں اپنی اقتصادی اور سماجی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے تمام وسائل کو یکجا کرنا ہو گا تا کہ ہم اپنے ملک کو مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بنا سکیں،ہمیں آج کے دن خاص طور پر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہئےجو ایک بے رحم اور غیر انسانی مظالم اور بھوک کا شکار ہیں۔اسی طرح، ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

عید الاضحی 1446ٰھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ با برکت ایام ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتے ہیں،ان عظیم ہستیوں کی اطاعت و قربانی کو رب ذوالجلال نے اس قدر پسند فرمایا کہ اسے تا قیامت امت محمدی ﷺ کے لیے عبادت کا درجہ عطا فرما دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کی عبادات اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے، اور ہماری زندگیوں میں یہ برکتیں بار بار نازل فرمائے،عید الاضحیٰ کا پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں، بلکہ یہ اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس دیتا ہے،قربانی کا یہی جذبہ انسان کو صبر، حوصلے، ایثار اور قربانی جیسے اوصاف سے مزین کرتا ہے،

جو کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آج جب ہمارا پیارا وطن پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تو اس موقع پر ہمیں اپنی یکجہتی، قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنانا ہو گا،عید الاضحیٰ کا یہ بابرکت موقع ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ قربانی کا راستہ ہمیشہ کامیابی کی طرف جاتا ہے،جیسے حالیہ بھارتی حملے میں پوری قوم نے یک جان اور متحد ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع اور وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، اسی طرح ہمیں اپنی داخلی مشکلات سے نمٹنے کے لیے مسلسل اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اقتصادی اور سماجی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے تمام وسائل کو یکجا کرنا ہو گا تا کہ ہم اپنے ملک کو مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بنا سکیں،یہ عید ہمیں نہ صرف جان و مال کی قربانی کی اہمیت سکھاتی ہے،

بلکہ یہ بھی بتاتی ہے کہ قومیں اس وقت عظمت کی منزل تک پہنچتی ہیں جب وہ فرد کی ترقی کے ساتھ ساتھ اجتماعی بھلائی و ایثار کے لیے کام کرتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آج کے دن خاص طور پر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہئےجو ایک بے رحم اور غیر انسانی مظالم اور بھوک کا شکار ہیں۔اسی طرح، ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، جن کی اپنے حق خودارادیت کے لیے عشروں سے منصفانہ اور بہادرانہ جدوجہد جاری ہے۔

ہم ہمیشہ ان کی آواز بنیں گے اور ان کی عظیم جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنی نسلوں کے لیے ایک ایسے پاکستان کا عہد کرنا ہو گا جہاں محبت، بھائی چارہ، اور اتحاد کی فضا ہو، ہمیں اس عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گاتاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک طاقتور اور کامیاب ملک کے طور پر اُبھرے،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا خواب اسی وقت حقیقت بنے گا جب ہم ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحیٰ کا یہ پیغام ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم اپنی ذاتی خواہشات اور مفادات سے بلند ہو کر صرف اور صرف اپنے وطن کی فلاح و بہبود کے لیے سوچیں اور عمل کریں۔یقیناً یہی جذبہ اور اتحاد پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالی سے دُعا ہے کہ وہ ہمیں عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے بہرہ مند فرمائے، اور ہمیں ایثار و قربانی کی اصل روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین