وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد، دونوں رہنماؤں کا بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

61
وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد، دونوں رہنماؤں کا بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

لاہور۔8جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ان کو اور ترکی کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کےمطابق اپنے حالیہ دورہ استنبول اور لاچین کے دوران ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاک بھارت بحران کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

اس اقدام نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے اور پاک ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اپنی پچھلی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔ اس سے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنماؤں نے بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر اردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر نیک خواہشات کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے بھی خیر خواہی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام اہم معاملات میں پاکستان کے لئے ترکیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔