لاہور۔15جون (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں فرنیچر سیکٹر کو پرکشش مراعات کا ایک جامع پیکج دیا جائے تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاتھ سے تیار کردہ اور جدید فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے تاہم اس کے لیے حکومت کی جانب سے مضبوط پالیسی سپورٹ اور سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے، فنانسنگ تک آسان رسائی اور صنعت کی ترقی کے لیے جدید ڈیزائن اینڈ ٹریننگ سنٹرز کے قیام پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مناسب سہولیات دی جائیں تو فرنیچر کا شعبہ روزگار پیدا کرنے اور معاشی نمو میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے، انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی دستکاری مصنوعات کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے عالمی فرنیچر نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ برآمدات کو فروغ دینے کی پالیسی کی عکاسی کرے گا تاکہ اس شعبے کو ترقی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جاسکے۔