بیرسٹر دانیال چوہدری کا وفاقی بجٹ 2026-27 کو متوازن، عوام دوست اور معاشی استحکام کی جانب اہم قدم قرار
وفاقی بجٹ متوازن اور عوام دوست،اسے پیش کرنے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات

مزید خبریں
راولپنڈی۔13جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے وفاقی بجٹ 27-2026 کو متوازن، عوام دوست اور معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کو بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات اور درپیش چیلنجز کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور مختلف معاشی اشاریے مثبت سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جس بہتری اور ریلیف کا وعدہ کیا تھا اس پر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بجٹ کو عوامی فلاح، معاشی بحالی اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں برآمدات کے فروغ، زرعی شعبے کی ترقی، صنعتی بہتری، سرمایہ کاری میں اضافے اور مجموعی اقتصادی نمو کے لیے مؤثر اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح کو ترجیح دیتے ہوئے ایسے اقدامات متعارف کرائے ہیں جو ملک کو معاشی خودکفالت کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے امید ظاہر کی کہ بجٹ کے مثبت اثرات سے قومی معیشت مزید مستحکم ہو گی اور عوام کو بتدریج مزید ریلیف حاصل ہو گا








