پاکستان کے اعلی سطحی پارلیمانی وفد کی یورپین پارلیمنٹ میں یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا کے ممبران سے ملاقات

سٹراسبرگ۔16جون (اے پی پی):پاکستان کے اعلی سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ میں یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا (ڈی ایس اے ایس) کے ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور بالخصوص خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و …

سٹراسبرگ۔16جون (اے پی پی):پاکستان کے اعلی سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ میں یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا (ڈی ایس اے ایس) کے ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور بالخصوص خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی بشمول بھارت کی فوجی اشتعال انگیزی اور پانی کو سٹریٹجک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے خطرناک رجحان کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستان کے پارلیمانی وفد نے کہا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یورپی یونین پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین قانون کی حکمرانی کا علمبردار ہوتے ہوئے جنوب ایشیائی خطے میں عالمی قوانین و معاہدات کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔

اس دوران ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور ماحولیاتی منصوبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں