اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے معروف تعمیراتی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کنسورشیم کے نمائندگان پر مشتمل اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد نے ڈونگ کائی انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے سی ای یائو یو کی قیادت میں ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق اس موقع پرسیکرٹری ہاؤسنگ و ورکس حامد یعقوب شیخ اور وزارت کے سینئر افسران بشمول ایڈیشنل سیکرٹری، پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن (پی ایچ اے ایف ) کے سی ای او اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) کے ڈائریکٹر جنرل بھی موجود تھے۔
ملاقات کا مقصد پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں مشترکہ تعاون کے امکانات خصوصاً جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کے تعمیراتی مواد کو اپنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینا تھا ۔ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاک چین دوستی کے مضبوط تعلقات کو دہرایا۔ انہوں نے حکومت کے تعمیراتی شعبے میں جدت لانے کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے پری فیبریکیٹڈ اور ماڈیولر کنسٹرکشن ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر زور دیا جو پائیداری، کم لاگت اور تیزی سے منصوبوں کی تکمیل کو ممکن بناتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنیاں پری فیبریکیٹڈ تعمیرات میں مہارت رکھتی ہیں جو ایک جدید، کم لاگت اور وقت کی بچت پر مبنی طریقہ کار ہے۔ انہوں نے دبئی کے مشہور ’ڈریگن مارٹ‘ کی طرز پر پاکستان میں ایک کمرشل کمپلیکس قائم کرنے کی تجویز بھی دی جو پاک چین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، شہری ترقی کو بڑھانے، مقامی ایس ایم ایز کی حمایت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈی جی ایف جی ای ایچ اے اور سی ای او پی ایچ اے ایف نے موجودہ سرمایہ کاری کے مواقع، ممکنہ مشترکہ منصوبہ جات اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ انہوں نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری، کوئٹہ، کراچی، پشاور، گوادر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف سٹریٹجک ترقیاتی مقامات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات انتہائی مثبت اور امید افزا رہی جہاں دونوں جانب سے تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ وژن کو عملی ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنے اور اقتصادی اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیاتاکہ پاک چین دیرینہ شراکت کو مزید تقویت دی جا سکے۔