پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے، کھیل داس کوہستانی

10
Kheyl Das Kohistani
Kheyl Das Kohistani

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے ،اسے اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے ، اسرائیل کی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، پاکستان نے ایران کو اپنا مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس بجٹ کو کم آمدنی والوں کے لئے دوستانہ بنانے کے لئے مختلف اقدامات تجویز کئے ہیں، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن اسمبلی شاہدہ اختر نے کہا کہ ان کی پارٹی حکومت سے بات کرے گی تاکہ بجٹ میں کچھ تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما رکن اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان موجودہ جنگ میں اسرائیل کے خلاف ایران کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو یکجہتی کا مظاہرہ اور اسرائیل کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے بے گناہ اور بے بس لوگوں کو مار رہا ہے اور اب اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دن بدن اسرائیل مسلم ممالک کے خلاف اپنی جارحیت بڑھا رہا ہے جو تمام مسلم ممالک کے لئے انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو تمام مسلم ممالک کو اکٹھا کرنا چاہئے اور اس جنگ کو روکنا چاہئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی فوزیہ ارشد نے تجویز دی کہ حکومت کو ریاست کی خوشحالی اور ترقی کے لئے تعلیم، صحت اور فلاحی شعبوں کے بجٹ میں اضافہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایوان میں بجٹ تجاویز پیش کی ہیں، موجودہ حکومت کو ان پر توجہ دینی چاہئے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ فوزیہ ارشد نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی اور فروغ کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کی آبادی کنٹرول سے باہر ہے جبکہ وسائل کی ترقی کی شرح آبادی میں اضافہ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔