آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا

10
Ali Nasir Rizvi
Ali Nasir Rizvi

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف اسلام آباو پولیس علی ناصر رضوی کی زیرصدارت محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں تمام ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز،ایس پیز،ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔پولیس ترجمان کے مطابق اجلاس میں شریک تمام افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں جلوسوں، مجالس، امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے متعلق بریف کیا۔

آئی جی نے کہا کہ افسران محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات شروع کردیں،امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقاتیں کریں،تمام سینئر افسران امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور مجالس کی جگہوں کے دورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کے اطراف جھاڑیوں کی صفائی کی جائے ،افسران سکائوٹس کے منتظمین سے ملاقات اور ان کی تربیت کریں۔

سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومنگ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکئے جائیں،جلوس اور امام بارگاہو ں کی سرویلنس کےلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں،سکیورٹی کے موثر انتظامات کےلئے سیف سٹی میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ آئی جی نے کہا کہ موثر نگرانی کے لئے ڈرونز اور کیمروں سے ریکارڈنگ کی جائے گی ،افسران محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے نفری کو روزانہ کی بنیاد پر بریف کریں۔