امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات نہایت اہم اور خوش آئند ہے، پاکستان اور ہماری افواج کاوقار بلند ہوا۔ صبا صادق

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات کو نہایت اہم اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت عزت سے نوازا ہے ،اللہ تعالیٰ کی رحمت کے بعد ہماری قیادت اور پاک فوج کا جو کردار ہے اس کو پوری …

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات کو نہایت اہم اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت عزت سے نوازا ہے ،اللہ تعالیٰ کی رحمت کے بعد ہماری قیادت اور پاک فوج کا جو کردار ہے اس کو پوری دنیا بہت عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے،ہندوستان کی جارحیت کے خلاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں جس طرح پاک فوج نے اپنا کردار ادا کیا اور وزیراعظم نے موثر سفارتکاری کی اس کا چرچا پوری دنیا میں ہے، بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی گذشتہ روز وائٹ ہائوس میں ملاقات بہت اہمیت کی حامل رہی، پاکستان اور ہماری افواج کاوقار بلند ہوا، یہ ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔

جمعرات کو ’’ا ے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی دانشمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے، پاکستان اور پاکستانی فوج کا مورال بلند ہوا ہے اور ہندوستان کا خطے میں ایک بڑی طاقت کا زعم چکنا چور ہو گیا ہے، یہ سب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موثر حکمت عملی اور ان کے دانشمدانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے۔

غزہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب مسلم اور غیر مسلم ریاستیں بھی غزہ میں جاری مظالم پر سراپا احتجاج ہیں ،اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے اور نیتن یاہو دہشت گردوں کا سربراہ ہے جو یو این کی قراردادوں کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے سکولوں،ہسپتالوں اور پناہ گاہوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے جن کے نتیجہ میں ہماری بہنیں،بھائی ، بزرگ اور بچے نا حق شہید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی ، غیر سرکاری تنظیموں سمیت عالمی برادری کو مل کر اسرائیل کی بربریت کو روکنا ہو گا۔ گزشتہ دنوں میں اسلام آباد میں ہونے والی دو لڑکیوں کے قتل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے اور اس حوالہ سے اسلام آباد پولیس اور ایجنسیاں اس کیس پر کام کر رہی ہیں، ایمان قتل کیس میں جو ملزم تھا وہ پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی میں اس کیس کے حوالے سے مضبوط دلائل دیئے جائیں گے تاکہ مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواہ وہ ثنا ءیوسف ہو یا ایمان ،میں سمجھتی ہوں کہ ایسے واقعات آئندہ نہ ہوں ،اس کی روک تھام کے لئے اس پر کام کر رہی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے پرائیویٹ ہاسٹلز کے حوالے سے ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں تاکہ ان بچیوں کی سکیورٹی کے لئے وہاں پر پورا بندوبست ہو ،وہاں پر ایک ایسا منظم نظام ہو جسے انتظامیہ اور حکومت مل کر دیکھیں تاکہ ایسا دلخراش واقعہ دوبارہ کسی پرائیویٹ ہاسٹلز میں رونما نہ ہو سکے۔بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کوشش کی گئی ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائےاور صحت،تعلیم کی سہولیات سمیت عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ کو مختص کیا گیا ہے۔