بڈاپسٹ عمل محفوظ مائیگریشن کی آگاہی اور عملدرآمد کیلئے قابل تحسین کردار ادا کررہا ہے، وفاقی وزیر سالک حسین

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزارت سمندرپارپاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی میزبانی میں پاکستان میں بڈاپسٹ پراسس کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پاکستان میں بڈاپسٹ پراسس کا اجلاس ہونا خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین …

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزارت سمندرپارپاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی میزبانی میں پاکستان میں بڈاپسٹ پراسس کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پاکستان میں بڈاپسٹ پراسس کا اجلاس ہونا خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مائیگریشن کے لئے محفوظ، منظم اور قانونی راستوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے وقار، ترقی اور بہبود کو یقینی بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیگریشن کے قانونی راستوں پر آج کا اجلاس حکومت کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلوبلائزیشن کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر لیبر کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے

ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی لیبر قانونی طریقے سے مائیگریٹ کرکے اپنا روزگار کمائے۔ چوہدری سالک حسین نے اپنی تقریر میں بڈاپسٹ پراسس کے ساتھ شراکت داری کے لئے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو دہائیوں سے بڈاپسٹ عمل کا مستقل شراکت دار رہا ہے اور ہم اس منفرد پلیٹ فارم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ یہ محفوظ مائیگریشن کی آگاہی اور عملدرآمد کے لئے قابل تحسین کردار ادا کررہا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بڈاپسٹ پراسس سیکرٹریٹ اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) کی تعمیری بات چیت اور تعاون کے ذریعے مائیگریشن گورننس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے ان کی مسلسل کوشش قابل تعریف ہے۔ سالک حسین نے پاکستان کی معیشت اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مزدوروں کی نقل و حرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک 11 ملین سے زائد پاکستانی نہ صرف ہماری معیشت کے لئے ترسیلات زر بھیج رہے ہیں

بلکہ علم کے تبادلے کے ذریعے ہماری قومی ترقی میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیرونِ ملک پاکستانی قوم کی مضبوطی کا ایک اہم ستون ہیں اور ہم اس بات کے لئے پُرعزم ہیں کہ ان کی مائیگریشن کا عمل محفوظ، مؤثر اور باہمی فائدے کا باعث ہو۔ وفاقی وزیر نے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے لیبر مائیگریشن کے حوالے سے ایک فریم ورک تیار کیا ہے تاکہ منظم، شفاف اور حقوق پر مبنی عمل کے ذریعے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک تعیناتی میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزارتی اعلامیہ اور عملی اقدام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2024 ءمیں بڈاپسٹ میں ہونے والی ساتویں وزارتی کانفرنس میں منظور کیا گیا وزارتی اعلامیہ اور عملی اقدام علاقائی تعاون کے لئے ایک نئے حکمتِ عملی کے فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس میں قانونی مائیگریشن اور نقل و حرکت کے راستوں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جو پاکستان کی ترجیحات سے مکمل ہم آہنگ ہے۔