اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ، جنوب مشرقی سندھ ،خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات

13
weather

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، اس دوران خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور با لائی خیبر پختونحوا میں چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواوٓں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ملک کے دیگر علاقو ں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تا ہم شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، با لائی خیبر پختونحوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر پری مون سون بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش نارووال میں 48، راولپنڈی (چکلالہ 6، کچہری 4)، اسلام آباد (سید پور 23، گولڑہ 7، زیرو پوائنٹ 4)، مالم جبہ 44، پٹن 24، کالام 7، بالاکوٹ 5، دروش ایک، کوٹلی، مظفرآباد (ایئرپورٹ، سٹی) 10، گڑھی دوپٹہ 5 اور راولاکوٹ میں 2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق بھکر ، سبی ، دالبندین میں درجہ حرارت 47، نوکنڈی ،جیکب آباداور دادو میں 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔