وفاقی وزیر داخلہ کی محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی ہدایت

6

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس، سوشل میڈیا کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے فول پروف سکیورٹی و دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران اسلام آباد میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم، مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے درجاتی حصار ہوں گے ، جامع ٹریفک پلان ، تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ کی جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کا حکم دیا اور کہا کہ اشتعال انگیز مواد کیخلاف زیرو ٹالرنس، سوشل میڈیا کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے پینے کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھا جائے، اہلکاروں کی شفٹ میں تعیناتی کی جائے تاکہ انہیں آرام کا وقت میسر ہو اور وہ مستعدی سے اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے فول پروف سکیورٹی و دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے، ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے معاشرے کے تمام طبقات کو محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران اسلام آباد میں 181 جلوسوں اور 965 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، تمام مجالس اور جلوسوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اے ڈی سی جی ، ڈی آئی جیز، تمام ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔