ضلع راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے 54 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ،12 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج

ضلع راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے 54 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 12 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی 11 اکتوبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈینگی کے شبہ میں 5 ہزار 427 افراد کی اسکریننگ کی گئی تاہم ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق …

راولپنڈی۔11اکتوبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے 54 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 12 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی 11 اکتوبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈینگی کے شبہ میں 5 ہزار 427 افراد کی اسکریننگ کی گئی تاہم ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس جاری ہے۔

اس مقصد کے لیے 415 آؤٹ ڈور اور 985 انڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں جبکہ ضلع بھر میں 17 ہزار 859 ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 97 فیصد علاقوں میں سرویلنس کوریج حاصل کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ڈینگی لاروا کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے 54 لاکھ 26 ہزار 300 گھروں کی جانچ کی گئی جن میں سے ایک لاکھ 92 ہزار 854 گھروں میں لاروا پایا گیا۔ اسی طرح 18 لاکھ 75 ہزار 723 مقامات کی جانچ کے دوران 26 ہزار 56 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی سامنے آئی۔

ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور لاروا کی موجودگی پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 798 مقدمات درج کیے گئے، 686 عمارتیں سیل اور 2 ہزار 331 چالان کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے دوران اب تک ڈینگی کے 21 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ کلیال، پوٹھوہار ٹاؤن اور چکلالہ کینٹ سمیت متعدد علاقے ڈینگی لاروا کی افزائش کے زیادہ خطرے والے علاقوں میں شامل ہیں۔

مزید خبریں