پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

راولپنڈی۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان کی طوفانی بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 216 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تاہم سری لنکن بیٹرز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکے اور ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ معاذ صداقت نے 96 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 73 رنز بنائے۔ معاذ صداقت کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے، معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے پہلے میچ میں بھی 50 رنز بنائے تھے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 44 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، انہوں نے پہلے میچ میں 89 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی۔ دونوں بیٹرز کے مابین دوسری وکٹ میں 88 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ فخر زمان 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا، ڈاسن شناکا اور ایشان ملنگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ مہیش تھیکشنا 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں چامیندو وکرما سنگھے 29، کامندو مینڈس 23 اور سینتھ جے وردھنے 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لہیرو اودارا 5، کپتان کوشل مینڈس 9، سہان آراچگے صفر اور داسن شناکا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے تین، سلمان مرزا نے دو جبکہ شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 13 اکتوبر کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔

 

مزید خبریں