فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید دو پری کوارٹر فائنلز (کل )کھیلے جائیں گے

10
FIFA World Club Football Tournament
FIFA World Club Football Tournament

سنسناٹی۔30جون (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام امریکا میں جاری کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں کل (منگل کو )مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

میگا ایونٹ کے ناک آئوٹ رائونڈ کے مزید دو میچوں کا فیصلہ منگل کو ہوگا اور پہلا میچ انٹرمیلان اور فلومیننس کی کلب فٹ بال ٹیموں کے درمیان بینک آف امریکا سٹیڈیم، شارلٹ کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ منگل کا دوسرا پری کوارٹر فائنل میچ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور الہلال کلب کی ٹیموں کے درمیان کیمپنگ ورلڈ اسٹیڈیم، اورلینڈو میں کھیلا جائے گا۔ 14جون سے شروع ہونے والا کلب فٹ بال ورلڈ کپ کا 21 واں ایڈیشن 13جولائی کو ایسٹ ردرفورڈمیں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔

فیفا کلب ورلڈ کپ میں 32 کلب ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزما تھی ۔ انگلینڈ کی کلب ٹیم مانچسٹر سٹی میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔ فیفاکلب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سپین کی کلب ٹیم ریال میڈرڈ کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 28جون سے یکم جولائی تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنلز 4 اور 5 جولائی کو کھیلے جائیں گے ، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 8جولائی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔فیفاکلب ورلڈ کپ 2026 کا فائنل میچ 13جولائی کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ میں کھیلا جائے گا۔