ایرانی حملوں سے اسرائیل میں 31 ہزار عمارتوں ، 4 ہزار گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، رپورٹ

25

تہران ۔30جون (اے پی پی):ایرانی حملوں سے اسرائیل میں 31,000 عمارتوں اور 4000 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے اپنی رپورٹ میں ایرانی میڈیا کے حوالے سے اعدادوشمار فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی میزائلوں نےجنگ کے دوران اسرائیل کو بہت زیادہ اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

تاس نے ایرانی نیوز ویب سائٹ ڈیفا پریس کے حوالے سے بتا یا کہ اسرائیل میں کم از کم 31,000 عمارتیں اور 4,000 گاڑیاں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے تباہ ہوئیں یا ان کو بھاری نقصان پہنچا ۔ اسرائیل نے ایران کے خلاف 13 جون کی صبح سویرے فوجی آپریشن شروع کیا جس پر ایران نے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد جوابی کارروائی کی، نو دن بعد( 22 جون کی صبح) امریکا بھی اس جنگ میں شامل ہو گیا اور اس کے جیٹ طیاروں نے تین ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا ۔

دوسرے دن شام کو تہران نے قطر میں واقع خطے کے سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل حملہ کیا۔ امریکی حکام کے مطابق اس ایرانی حملے میں کوئی جانی یا اہم نقصان نہیں ہوا۔ 24 جون کو امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اسرائیل اور ایران مکمل جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی کہ انہوں نے امریکی تجویز کو قبول کر لیا ہے اور اعلان کیا ہے

کہ انہوں نے ایران کے خلاف آپریشن کے تمام مقاصد حاصل کر لئے ۔ اس کے جواب میں ایران نے کہا کہ اس نے اسرائیلی جارحیت کو یکطرفہ طور پر روکنے پر مجبور کر کے فتح حاصل کی ۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی 24 جون سے نافذ العمل ہے۔