یورپ میں ہیٹ ویو ،کئی ملکوں میں گرمی کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے، متعدد شہروں میں الرٹس جاری، تعلیمی ادارے بند

32

میڈرڈ۔30جون (اے پی پی):یورپ میں جاری ہیٹ ویو نے کئی ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور متعدد مقامات پر درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ سپین کی قومی موسمیاتی ایجنسی نے پیر کو رپورٹ کیا کہ گزشتہ روز جنوبی سپین میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ(115 ڈگری فارن ہائیٹ) تک بڑھ گیا، جو جون کا نیا ریکارڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرتگال کی سرحد کے قریب ہیلووا میں پارہ اپنی نئی بلندی پر پہنچ گیا، جس نے سابقہ ​​ریکارڈ 45.2 سینٹی گریڈ کو توڑ دیا جو سیویل میں 1965 میں قائم ہواتھا۔ اسپین ان یورپی ممالک میں شامل ہے جو ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔ یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ تین سا ل سپین کے لیے گرم ترین رہے ہیں۔ہیٹ ویو کے باعث یورپی و برطانوی حکام نے ہیلتھ اور وائلڈ لائف وارننگز جبکہ اٹلی، یونان، اسپین اور پرتگال میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی ہیں۔

سپین کے دارالحکومت بارسلونا میں گرمی سے ایک خاتون کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔پرتگال کے علاقے مورا میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کردی گئيں، اٹلی میں روم، میلان اور نیپلز سمیت 21 شہروں کو ہائی ہیٹ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں اور مختلف علاقوں میں دن کے وقت آؤٹ ڈورسرگرمیوں پر پابندی لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔ پیرس میں پیر کو سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیاجہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا، جو 49 تک جانے کا امکان ہے۔ فرانس میں درجہ حرارت 34 ڈگری ہے ،جو 38 تک جانے کا امکان ہے جس کے باعث اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے ہیں۔برطانوی تاریخ میں جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ۔ مانچسٹر میں درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھوگیا۔