کوئٹہ میں وزیراعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں 10ہزار نوجوان شریک ہیں، چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی گفتگو

26
Rana Mashhood Ahmed Khan

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں وزیراعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں 10ہزار نوجوان شریک ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر تعلیم ،روزگارسمیت دیگر مواقع سے استفادہ کیلئے خود کو ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرانے پر زور دیا ہے۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پارلیمنٹ میں باوقار انٹرن شپ پروگرام کے منتخب امیدواروں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔

’’ذمہ دار جمہوریت کے لیے نوجوانوں کو شامل کرنا‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والے اس سیشن کا مقصد پاکستانی نوجوانوں میں جمہوری اقدار اور شہری ذمہ داری کو فروغ دینا تھا۔اس انٹرن شپ پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی،ملک بھر سے طلباء کی جانب سے 16,000 سے زیادہ درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ اس انتہائی مسابقتی پول سے صرف 200 نمایاں طلباء کو پارلیمنٹ کے اندر چار ہفتے کے خصوصی پروگرام میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے 25 اور ایچی سن کالج کے 30 طلباء شامل تھے جو کہ نوجوانوں کے متنوع اور باصلاحیت پول کی عکاسی کرتے ہیں۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کے نوجوانوں کے جوش و جذبے اور صلاحیتوں کے اعتراف کے ساتھ آغاز کیا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستان کے مستقبل کے ایک وژن کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے جمہوریت اور نوجوان ایک مشترکہ ذمہ داری کے تحت جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے میں نوجوانوں کے اہم کردار کے بارے میں بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح وزیراعظم یوتھ پروگرام اپنے اقدامات کے ذریعے جمہوری اقدار کو عملی طور پر شامل کرنے کے لیے فعال طور پر کام کرتا ہے۔

چیئرمین نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جامع سپورٹ سسٹمز کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا اور ذمہ دار نوجوانوں کی قیادت میں پاکستان کے لیے پروگرام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ سیشن کا اختتام سوال و جواب کے ساتھ ہوا جس میں منتخب انٹرنیز کو چیئرمین کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے، اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور پاکستان کے جمہوری اور ترقیاتی سفر میں مزید فعال شراکت دار بننے کے لیے رہنمائی حاصل کرنے کاموقع فراہم کیاگیا۔سیشن کے دوران، چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت اہم فلیگ شپ اقدامات متعارف کرائے جن میں پرفیکٹ پچ، نوجوان کاروباری افراد کو پرائم ٹائم ٹیلی ویژن کے ذریعے سرمایہ کاروں سے جوڑنے والا قومی اختراعی پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز، کوئٹہ میں شروع کیے گئے جس میں 10ہزار نوجوان شریک ہیں، لاہور قلندرز اس میں پارٹنر ہے۔ انہوں نے انٹرنیز پر بھی زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اپنے آپ کو رجسٹر کریں، یہ ایک تبدیلی کا پلیٹ فارم ہے جہاں چاروں ایز تعلیم،روزگار،مشغولیت اوربااختیار بنانا صرف ایک کلک کی دوری پر ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو فعال طور پر اس پر رجسٹریشن کرانےکی ترغیب دیں کیونکہ حقیقی موقع بیداری اور رسائی سے شروع ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی طرف سے یہ اقدام نوجوان پاکستانیوں کو پالیسی سازی، گورننس اور شہری مصروفیت کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرتا ہے جو انہیں کل کے لیڈر بننے کے لیے وسائل اور وژن سے آراستہ کرتا ہے۔