پروفیسر ڈاکٹر اشفاق حسن خان کا ’’این ایف سی ایوارڈ اور آبادی ایک باہمی تعلق‘‘ کے موضوع پر لیکچر

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی )کے زیر اہتمام ممتاز ماہر معیشت، سابق مشیرِ خزانہ اور نسٹ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے ’’قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی ) ایوارڈ اور آبادی ایک باہمی تعلق‘‘کے موضوع پر لیکچر دیا۔ تقریب کا آغاز آئی پی آر آئی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید ماجد احسان کے افتتاحی کلمات سے ہوا …

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی )کے زیر اہتمام ممتاز ماہر معیشت، سابق مشیرِ خزانہ اور نسٹ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے ’’قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی ) ایوارڈ اور آبادی ایک باہمی تعلق‘‘کے موضوع پر لیکچر دیا۔ تقریب کا آغاز آئی پی آر آئی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید ماجد احسان کے افتتاحی کلمات سے ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں آبادی کا دباؤ اور وسائل کی غیر متوازن تقسیم سرفہرست ہیں، ایسے علمی مکالمے بہتر پالیسی سازی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے این ایف سی ایوارڈ کی قانونی و آئینی حیثیت، مالیاتی خودمختاری کے اثرات اور وفاق کو درپیش مالی مشکلات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ این ایف سی فارمولا وسائل کی تقسیم میں صرف آبادی کو معیار بناتا ہے جو موجودہ قومی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں۔ ان کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے درج ذیل نئے پیمانے شامل کرنے کی ضرورت ہےجن میں محصولات جمع کرنے کی صلاحیت ،انسانی ترقی کے اشاریے،گورننس اور کارکردگی ،غربت کی شدت اور دور افتادگی و پسماندگی شامل ہیں ۔انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ ایک ’’سوشل فنانس کمیشن‘‘ تشکیل دیا جائے جو وسائل کی شفاف، ضرورت پر مبنی اور پائیدار تقسیم کو ممکن بنائے۔

ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے آبادی میں تیزی سے اضافے کو ’’خاموش بحران‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو یہ بحران تعلیم، صحت، روزگار اور خوراک جیسے اہم شعبوں کو بری طرح متاثر کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف وسائل کی تقسیم کافی نہیں بلکہ قومی پیداوار اور اقتصادی نمو میں اضافہ ناگزیر ہے۔اس موقع پر سوال و جواب کا بھرپور سیشن ہوا جس میں پالیسی سازوں، اساتذہ، طلبہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے این ایف سی کی سیاسی، معاشی اور آئینی پہلوؤں سے متعلق سوالات کئے جن کا ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے تفصیل سے جواب دیا۔