وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

118
ہائر ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ 91ارب سے بڑھا کر 110 ارب کر دیا ۔ رانا تنویر حسین

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں اور عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم مانیں گے اور ہم جے آئی ٹی کی رپورٹ کو چیلنج بھی کریں گے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جب بھی عوام نے مینڈیٹ دیا اور اس کی حکومت آئی تو کچھ حلقوں سے کبھی بھی یہ ہضم نہیں ہوا۔ اس وقت بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جمہوری حکومت کے خلاف سازش ہو رہی ہے جو سب کو واضح نظر بھی آ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے اور وزیراعظم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور ملک آگے بڑھ رہا ہے۔ 2013ءمیں جب ہم نے حکومت سنبھالی پاکستان کے معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف کی موثر و کارآمد پالیسیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک وقوم نے ترقی کی ہے اور ہمارا حالیہ 4 سالہ دور حکومت بھی اس بات کا گواہ ہے کہ جتنی ترقی ان 4 سالوں میں ہوئی گزشتہ کئی سالوں میں بھی نہیں ہوئی۔