کامسٹیک اور چین کی ننگبو یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے "اپلائیڈ بائیو میڈیکل مصنوعی ذہانت” پر بین الاقوامی سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سائنسی ادارے کامسٹیک اور چین کی ننگبو یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے ’’اپلائیڈ بائیو میڈیکل مصنوعی ذہانت‘‘ پر بین الاقوامی سرٹیفکیٹ کورس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ کامسٹیک کے میڈیا کوآرڈینیٹر کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ کورس 19 روز پر مشتمل ہوگا جو آن لائن و فزیکل فارمیٹ میں منعقد کیا جا رہا …

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سائنسی ادارے کامسٹیک اور چین کی ننگبو یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے ’’اپلائیڈ بائیو میڈیکل مصنوعی ذہانت‘‘ پر بین الاقوامی سرٹیفکیٹ کورس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ کامسٹیک کے میڈیا کوآرڈینیٹر کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ کورس 19 روز پر مشتمل ہوگا جو آن لائن و فزیکل فارمیٹ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے 1000 سے زائد ماہرین، نوجوان سائنسدان اور طلبہ تربیت حاصل کریں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکامسٹیک کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کورس کی اہمیت اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ بائیو میڈیکل سائنسز اور صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت ایک انقلابی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کورس کا مقصد او آئی سی رکن ممالک کے نوجوان سائنسدانوں کو جدید تحقیقی مہارتیں فراہم کرنا اور مقامی سطح پر اےآئی سے لیس صحت کی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔چین کی ننگبو یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ممتاز سائنسدانوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ چیف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر لیو شنمن نے چینی ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر صحت اور دوا سازی میں ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔افتتاحی اجلاس میں آن لائن شرکت کرتے ہوئے نِنگبو یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ڈرگ ڈسکوری ٹیکنالوجی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ژائو یوفن نے نوجوان محققین کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر یوزونگ چن نے کورس کا تعارف پیش کیا اور پہلا تکنیکی لیکچر دیا جس میں اے آئی کے ذریعے دوا سازی اور کیمیکل جینومکس کے جدید رجحانات پر گفتگو کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے ماہرین سے سوالات بھی کئے جس سے اس اعلیٰ سطحی تربیتی پروگرام کی باضابطہ شروعات ہو گئیں جو مستقبل میں او آئی سی اور چین کے مابین سائنسی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

مزید خبریں