صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ کو کامیاب بنانے پر پاکستانی قیادت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، ایرانی سفیر

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے حوالے سےاپنے ستائشی پیغام میں ایرانی صدر اور ان کے وفد کی پرجوش اور فیاضیانہ مہمان نوازی پر دوست اور پڑوسی ملک پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ پیر کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ ایکس ‘‘ پر …

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے حوالے سےاپنے ستائشی پیغام میں ایرانی صدر اور ان کے وفد کی پرجوش اور فیاضیانہ مہمان نوازی پر دوست اور پڑوسی ملک پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ پیر کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ ایکس ‘‘ پر اپنی پوسٹ میں رضا امیری مقدم نے دورہ کے دوران یادگار اور تاریخی لمحات فراہم کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی ایرانی وفد کی شاندار میزبانی پر بھی اظہار تشکر کیا۔ مزید برآں ایرانی سفیر نے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کی اس اعلیٰ سطح کے دورے کو کامیاب بنانے کےلئے گرانقدر تعاون کی تہہ دل سے تعریف کی۔

انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزارت خارجہ کے حکام کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اعلیٰ سطح کے دورے کو منظم اور مربوط بنانے میں پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور انتھک کاوشیں کیں۔ رضا امیری مقدم نے اپنی پوسٹ میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی خصوصی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے تاریخی اور خوبصورت شہر لاہور کے دورے کے دوران ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور شاندار مہمان نوازی کی۔ انہوں نے کہا کہ میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، ریاض حسین پیرزادہ، جام کمال خان، عبدالعلیم خان ، محمد رضا حیات اور عطا ءاللہ تارڑ کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے اپنے متعلقہ محکموں کے تحت دوطرفہ تعلقات کے استحکام کی مخلصانہ کاوشیں کیں اور 12 اہم ایم او یوز کو حتمی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سفیر رضا امیری مقدم نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تذویراتی تعلقات ہیں اور حالیہ دورہ کے دوران دونوں ممالک نے تجارت ، بنیادی ڈھانچے اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کاحامل ہے اور باہمی تعلقات کے فروغ میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور گہرا کرنے کےلیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے مضبوط عزم اور تعلقات کو نئی سطح تک بلند کرنے اور خاص طور پر دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے باہمی ہدف کے بعد میں اپنے لئے فرض سمجھتا ہوں کہ مجھ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے اپنے ساتھیوں سمیت اہداف کے حصول کےلئے پاکستان کے حکام کے ساتھ مشترکہ نقطہ نظر کی تکمیل کےلئے کام کروں ۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے ایران ۔پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی شیئر کیا۔