لاہور۔7اگست (اے پی پی):وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ 14اگست کو کسی مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے،فساد گروپ کو پاکستان کی ترقی اور سفارتی کامیابی سے جلن ہو رہی ہے،معرکہ حق کی کامیابی کے بعد 14 اگست کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا،پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں،پنجاب حکومت نے اقلیتوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں …
14اگست کو کسی مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے، وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری

مزید خبریں
لاہور۔7اگست (اے پی پی):وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ 14اگست کو کسی مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے،فساد گروپ کو پاکستان کی ترقی اور سفارتی کامیابی سے جلن ہو رہی ہے،معرکہ حق کی کامیابی کے بعد 14 اگست کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا،پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں،پنجاب حکومت نے اقلیتوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ’’ہفتہ اقلیت‘‘ کارواں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش اروڑہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہاکہ پنجاب رواداری کا ایک عملی نمونہ صوبہ ہے، وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر’’ہفتہ اقلیت‘‘منایا جا رہا ہے ، آج سے پورا ہفتہ جھنڈے میں سفید رنگ کی نمائندگی کرنے والوں کے حوالے سے منایا جائے گا،وزیر اعلی مریم نواز نے صوبے میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں مینارٹی کارڈ کا اجرا،چرچز اور گوردواروں کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز مختص کرنا شامل ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب بغیر کسی تقسیم کے صوبے کے تمام لوگوں کو برابری کی نظر سے دیکھتی ہیں،معاشرے میں جن لوگوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا ان کا بازو پکڑا ہے،آج کے اقدام کی خوبصورتی ہے کہ تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا ان کی پرانی عادت ہے،جو اس ملک کی بہتری اور غریب عوام کی بھلائی کیلئے کام کرے گا بانی پی ٹی آئی کو اس سے مسئلہ ہے،فیلڈ مارشل نے جب یہ وزیر اعظم تھے ان کے گھر کو پوائنٹ آئوٹ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب مینار پاکستان کے سائے کے نیچے کھڑے ہیں،14 اگست کو ہمیشہ بغیر کسی تفریق سے منایا جاتا تھا لیکن فساد گروپ نے چودہ اگست کو پھر احتجاج کی کال دے دی ہے حالانکہ اس کی 5 اگست والی احتجاج کی کال بری طرح ناکام ہو ئی ہے،ان کی پارٹی کا کوئی کارکن احتجاج کیلئے باہر نہیں نکلا جبکہ اس دن کوئی راستہ بند نہیں تھا،کسی کو نہیں روکا گیا،پی ٹی آ ئی کے نام نہاد لیڈران خود باہر نہیں نکلے بلکہ فرمائشی گرفتاریاں دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک بہتری کی جانب گامزن ہونے لگتا ہے تو فساد گروپ سرگرم ہو جاتا ہے،اس سے ثابت ہوا کہ فساد گروپ کو پاکستان کی ترقی اور سفارتی کامیابی سے جلن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کو کسی مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے،اگر کسی نے 14 اگست والے دن کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پھر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس سال یوم آزادی معرکہ حق کے بعد مزید بھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، 14اگست کے حوالے سے سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں ،یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ لاہور میں منعقد کی جائے گی،معرکہ حق کی کامیابی کے بعد 14اگست کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ازلی دشمن کو رسوا کیا اور سفارتی طور پر اہم کامیابی حاصل کی لیکن بھارتی عوام کے ساتھ افسوس ہے،اس وقت ان کے ساتھ نہ ہمسائے اور نہ عالمی ممالک کھڑے ہیں،آج بھارت پوری دنیا میں تنہا ہو چکا ہے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ،وزیر اعلی مریم نواز اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہیں ،وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے 50 ہزار اقلیتی خاندانوں کیلئے اقلیتی کارڈ کااجرا کیا ہے جو غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، اسی طرح 56 چرچز، 20 گوردواروں اور چھ کے قریب مندروں کی تزئین و آرائش کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں ،یہاں پر تمام اقلیتوں کو اپنے اپنے مذاہب کے مطابق مکمل مذہبی آ زادی حاصل ہے ۔رمیش اروڑہ نے کہا کہ بشپ آف لاہور ندیم کامران کی زیر قیادت آج جو پرامن ریلی نکالی گئی ہے یہ پوری دنیا کے ان لوگوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ہر لحاظ سے ایک محفوظ اور پر امن ملک ہے، یہاں پر تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔








