اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت سیف سٹی میں کمانڈ کانفرنس میں تمام ڈویژنز نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور یوم آزادی کے حوالے سے سکیورٹی پروگرامز پر بریفنگ دی گئی جبکہ جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے اورجدید تکنیک کے استعمال سمیت شہریوں کو تمام سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر صدارت سیف سٹی اسلام آباد میں کمانڈ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کمانڈ کانفرنس میں اسلام آباد پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز اورایس پیز نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اسلام آباد پولیس کے پانچوں ڈویژنز نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی،جبکہ تمام ڈویژنز کے ڈی آئی جیز نے 13 اور 14 اگست کے حوالے سے اپنے سکیورٹی پروگرامز اورٹریفک ڈویژن نے اہم پروگراموں کےلئے ٹریفک انتظامات پر بریفنگ دی۔
آئی جی اسلام آباد نے نئے تعینات ہونے والے ایس پی سٹی سلمان ظفر کی کرائم فائٹنگ کی کاوشوں کو سراہا اور شاباش دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اور اس مہم میں تیزی لائی جارہی ہے،جبکہ موثر حکمت عملیوں کے باعث وفاقی دارالحکومت میں کار وموٹر سائیکل چوری کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے،اسی طرح خصوصی ناکہ جات اور پٹرولنگ سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں موثر ثابت ہورہے ہیں اورسیف سٹی اسلام آباد جرائم کے تدارک اورٹریفک ڈسپلن میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام علاقوں میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز بڑے پیمانے پر کئے جارہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں اسی طرح جاری رہیں گے جبکہ یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی کا مربوط پلان جاری کردیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر وفاقی دارالحکومت میں کسی جگہ کسی قسم کی ہلڑبازی، آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ کو برداشت نہیں کیا جائےگا،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اسی طرح اسلام آباد میں غیرقانونی اسلحہ اوراس کی نمائش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اورخلاف ورزی پر سخت سے سخت کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی آئی جیز اہم پروگراموں کی سکیورٹی کو خود سپروائز کریں جبکہ ڈی جی سیف سٹی کو عوامی سہولیات کے متعلق مزید اپلی کیشنز ڈویلپ کرنے کی ہدایات جاری کی ۔ انہوں نے کہاکہ جدید تکنیک کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو ہر فورم پر زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں،اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور جرائم کے انسداد سمیت شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔