پاکستان اور آذربائیجان تاریخی، جغرافیائی اور مذہبی تعلق سے جڑے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی، جغرافیائی اور مذہبی تعلق سے جڑے ہوئے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح کی زیادہ خوشی آذربائیجان کے عوام کو ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی، جغرافیائی اور مذہبی تعلق سے جڑے ہوئے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح کی زیادہ خوشی آذربائیجان کے عوام کو ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین حالیہ برسوں میں تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے،پاکستان اور آذربائیجان کا اسلام آباد میں مشترکہ چیمبر آف کامرس قائم ہونا انتہائی مثبت اور خوش آئند اقدام ہے جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں سے زمینی رابطوں،تجارت میں اضافے اور باہمی امور کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے،

پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد ان ریاستوں میں زیر تعلیم بھی ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے حالیہ عوامی اجتماعات میں پاکستانی عوام کی طرف سے چین اور ترکیہ کے علاوہ آذربائیجان کے قومی پرچموں کو لہرانا دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستانہ تعلقات کا اظہار ہے۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی دوستی آنے والے دنوں میں مزید فروغ پائے گی،

آذربائیجان بھی پاکستان سے دو طرفہ تجارت اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے حالیہ دورہ آذربائیجان کو سراہتے ہوئے اُن کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا جس سے دونوں ممالک مزید نزدیک آئے ہیں۔

مزید خبریں