اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان نے پارلیمانی سفارتکاری میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر کو انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کی سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری اس وقت عمل میں آئی جب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو آئی ایس سی کا بانی صدر نامزد کیا گیا جس سے پاکستان اس ابھرتے ہوئے عالمی …
چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس کی سفیر مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان نے پارلیمانی سفارتکاری میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر کو انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کی سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری اس وقت عمل میں آئی جب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو آئی ایس سی کا بانی صدر نامزد کیا گیا جس سے پاکستان اس ابھرتے ہوئے عالمی پلیٹ فارم کے مرکزی کردار میں آ گیا ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سفیر کی حیثیت سے مصباح کھر آئی ایس سی کی بین الاقوامی رسائی اور شمولیت کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ وہ پاکستان اور سینیٹ کی نمائندگی متعدد عالمی فورمز پر کر چکی ہیں اور معروف بین الاقوامی اخبارات مثلاً دی واشنگٹن ٹائمز میں شائع ہونے والی اپنی تحریروں کے ذریعے بھی اپنا کردار ادا کر چکی ہیں۔ ان کی تقرری پارلیمانی سفارتکاری میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے اور پاکستان کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
آئی ایس سی کے بارے میں انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) ایک نیا قائم شدہ بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد پارلیمانوں کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس کا وژن بین الپارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانا، مشترکہ چیلنجز پر اتفاق رائے پیدا کرنا، اور جمہوریت کو تعاون کے ذریعے آگے بڑھانا ہے۔پاکستان پہلی بار نومبر 2025 میں آئی ایس سی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں دنیا بھر سے سپیکرز، پارلیمنٹرینز، سفارتکار اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں پائیدار ترقی، اقتصادی تعاون، تنازعات کے حل اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے جس سے پاکستان عالمی پارلیمانی مکالمے اور تعاون کے مرکز کے طور پر نمایاں ہوگا۔مصباح کھر کی بطور سفیر تقرری پاکستان اور اس کی سینیٹ کے لیے ایک باعث فخر لمحہ ہے۔ 45 سپیکرز اور 103 شرکا کی متفقہ تائید کے ساتھ اس معزز فورم پر ان کا انتخاب نہ صرف مصباح کھر کے لیے ذاتی سنگ میل ہے بلکہ عالمی سطح پر ایوان بالا کے ادارہ جاتی وقار کی بھی علامت ہے۔








