وزیراعلی پنجاب نے جدید ترین سہولیات سے آراستہ موبائل پولیس سٹیشن وین کا افتتاح کر دیا
وزیراعلی پنجاب نے جدید ترین سہولیات سے آراستہ موبائل پولیس سٹیشن وین کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز نے جدید ترین سہولیات اور ٹیکنالوجی سے مزین موبائل پولیس سٹیشن وین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ 33 موبائل پولیس سٹیشن وین مختلف اضلاع میں فنکشنل ہوں گی۔ وزیراعلی نے موبائل پولیس سٹیشن وین کا معائنہ کیا اور موبائل پولیس سٹیشن کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے موبائل پولیس وین میں موجود سٹاف سے بات چیت کی اور سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور خاتون پبلک گائیڈ سے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا۔ ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے انہیں بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب میں 33 موبائل پولیس سٹیشن فنکشنل کر دیئے گئے اور6 موبائل پولیس سٹیشن خواتین سے متعلق امور کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں۔ ہر موبائل پولیس سٹیشن وین میں انچارج سب انسپکٹر، فیلڈ سپر وائزر،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ، میل اور فی میل کانسٹیبل سٹاف موجود ہوگا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین یونیورسٹی اور گرلز کالجز میں شیڈول کے مطابق جائے گی۔ 15 پر کال ڈیٹا کے مطابق موبائل پولیس سٹیشن وین کو مختلف علاقوں میں بھیجا جاے گا۔ہر موبائل پولیس سٹیشن وین پر14 مختلف اقسام کی پولیس سے متعلق سروسز میسر ہوں گی۔موبائل پولیس سٹیشن وین میں ایف آئی آر، آن لائن ای ٹیگنگ، گمشدگی رپورٹ، کریمنل ریکارڈ چیکنگ اور کرایہ دارکا اندارج ہوسکے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین میں گھریلو اور دکان کے ملازمین کا اندارج اور کریکٹر سرٹیفکیٹ ویریفکیشن کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ موبائل پولیس سٹیشن وین پر لرنر لائسنس،ڈرائیونگ لائسنس، تجدید، ڈپلیکیٹ لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس بھی بنایا جاسکے گا۔
موبائل پولیس سٹیشن وین کی آمد کا شیڈول سوشل میڈیا اور دیگر چینلز پر نشر کیا جائے گا۔ موبائل پولیس سٹیشن وین کی آمد سے قبل متعلقہ علاقے کی مساجد میں اعلانات بھی کیے جائیں گے۔ موبائل پولیس اسٹیشن سرکاری ایس او پیز کے مطابق تشکیل کردہ ایک خصوصی ٹیم کے تحت کام کرے گا۔ سب انسپکٹر موبائل یونٹ کے انچارج کے طور پر کام کرے گا۔ متعلقہ ایس ایچ او اور علاقے کا بیٹ آفیسر آپریشن کی نگرانی کے لیے موجود رہے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایک سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ تمام آئی ٹی آپریشنز، ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اور آن لائن ڈیٹا اندراجات کا انتظام کرے گا۔
ڈیوٹی کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل گائیڈ کے طور پر شہریوں کی مدد اور سہولت فراہم کریں گے۔فوری قانونی کارروائی کیلئے شہری ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ درخواست کے خلاف آن لائن ای ٹیگ جاری کیا جائے گا۔ ایف آئی آر ایس آئی پی ایس (اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن) کی ہدایات کے مطابق درج کی جائے گی۔سی این آئی سی، کارڈز، چیک بک وغیرہ کی گمشدگی کی رپورٹ فوری طور پر درج اور حاصل کی جا سکتی ہے۔کرایہ دار کی رجسٹریشن، پرائیویٹ ملازمین کی رجسٹریشن اور مجرمانہ ریکارڈ کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین کا مقصدمشن پولیسنگ کی عوام کی دہلیز تک فراہمی ہے۔ موبائل پولیس سٹیشن وین کا مقصد عزت و وقار کے ساتھ پولیسنگ سروسز براہ راست شہریوں کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔موبائل پولیس سٹیشن وین عوام اور پولیس کے درمیان فاصلہ کم کرے گا۔ موبائل پولیس سٹیشن دوردراز علاقوں میں پہنچنے سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات کی بچت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنک موبائل پولیس سٹیشن میں خواتین کے لیے مخصوص عملہ تعینات ہے۔ ہراساں کرنے، تشدد، خواتین اور بچوں کے خلاف بدسلوکی جیسے حساس معاملات کے لیے لیڈیز سٹاف موجود ہوگا۔







