پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ لاہور کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ سیاحت 2026 کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا
پنجاب یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام عالمی یومِ سیاحت پر خصوصی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ لاہور کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ سیاحت 2026 کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کی جدید سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔تقریب میں طلبہ و طالبات نے مختلف تخلیقی سرگرمیوں،اسکیٹس اور پریزنٹیشنز کے ذریعے جدید سیاحت و مہمان نوازی میں مصنوعی ذہانت کے کردار،اس کے فوائد،ممکنہ چیلنجز اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ،ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹک سروسز کے افسران و نمائندگان اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نئی جہتیں متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم اور تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرکا نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ سیاحت کے شعبے میں جدید تعلیم،تحقیق اور عملی تربیت کے فروغ کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔







