پاکستان چین فرینڈشپ کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد

پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی حلف برداری کی تقریب لاہور جمخانہ کلب میں منعقد ہوئی، جس میں چین کے قونصل جنرل سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا

لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی حلف برداری کی تقریب لاہور جمخانہ کلب میں منعقد ہوئی، جس میں چین کے قونصل جنرل سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ تقریب میں ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے صدر، ہو یوک بِنگ باربرا نے سینئر نائب صدر، ڈاکٹر کرن خورشید نے نائب صدر اور اسد گوندل نے سیکرٹری جنرل کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ رضوان اکرم شیروانی، نوید سعید اور ڈاکٹر فرزانہ ریاض نے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے حلف لیا۔ تقریب میں سابق چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد کامران لاشاری، جمخانہ کلب کے چیئرمین میاں مصباح الرحمن سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔چینی قونصل جنرل سن یان نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد منظور بٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسوسی ایشن دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے پاکستان میں چینی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ایلومنائی چیپٹر کے قیام کو سراہا اور پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے پروگراموں کا خیرمقدم کیا۔چین کے 77 ویں قومی دن کی مناسبت سے ڈاکٹر خالد منظور بٹ اور قونصل جنرل سن یان نے کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں شریک بانی ارکان، ایگزیکٹو کمیٹی اور مہمانوں نے چینی قونصل جنرل کو قومی دن کی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے اپنے خطاب میں بانی ارکان کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسوسی ایشن چینی اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے، پاکستانی طلبہ کے لیے مزید وظائف کے حصول اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے سیمینارز، نمائشوں اور تفریحی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل سن یان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔