نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ٹریفک آپریشن سینٹر کا قیام، ٹریفک مینجمنٹ اور ریونیو مانیٹرنگ میں اہم سنگ میل

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں نیشنل ٹریفک آپریشن سینٹر (این ٹی او سی) کے قیام سے قومی شاہراہوں ، موٹرویز پر ٹریفک کے بہاؤ، انسانی رویوں، ریونیوکے حصول، حادثات اور خلاف ورزیوں سے متعلق معیاری اور بروقت ڈیٹا فراہم ہو رہا ہے تاکہ بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔ این ایچ اے حکام کے مطابق این ٹی او سی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 14 …

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں نیشنل ٹریفک آپریشن سینٹر (این ٹی او سی) کے قیام سے قومی شاہراہوں ، موٹرویز پر ٹریفک کے بہاؤ، انسانی رویوں، ریونیوکے حصول، حادثات اور خلاف ورزیوں سے متعلق معیاری اور بروقت ڈیٹا فراہم ہو رہا ہے تاکہ بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔ این ایچ اے حکام کے مطابق این ٹی او سی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 14 ای ٹی ٹی ایم ٹول پلازہ، 100 سے زائد ویٹ اسٹیشنز اور 6 الیکٹرانک ٹریفک کلیکشن سسٹمز کے 60 سے زائد انٹرچینج پلازوں سے حاصل ہونے والا ڈیٹا جمع اور مانیٹر کرتا ہے۔ اس نظام کے تحت ای ٹی ٹی ایم (Electronic Toll & Traffic Management)، ای ٹی سی (Electronic Toll Collection)، ویئنگ سسٹم اور انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم (ITS) کے ذریعے حقیقی وقت میں ٹریفک کا بہاؤ، گاڑیوں کی درجہ بندی کے لحاظ سے آمدورفت اور ریونیو کی تفصیلات کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

این ٹی او سی نے ویٹ اسٹیشنز، ای ٹی ٹی ایم ٹول پلازہ اور پولیس جرمانوں کی رپورٹنگ کے لیے خصوصی پورٹلز بھی تیار کیے ہیں جو روزانہ، ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر ڈیٹا فراہم کرتے ہیں۔ یہ ڈیٹا این ایچ اے ہیڈکوارٹرز اور فیلڈ ریونیو دفاتر کے لیے 24/7 دستیاب ہوتا ہے۔این ٹی او سی قانون نافذ کرنے والے اداروں، ٹرانسپورٹ ایجنسیوں اور شہری منصوبہ سازوں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے تاکہ حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کو مؤثر بنایا جا سکے۔این ایچ اے کے مطابق نیشنل ٹریفک آپریشن سینٹر مستقبل کی ٹرانسپورٹ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں